کورونا سے ملکی معیشت کو بڑا دھچکا لگا،شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ملکی معیشت کو بہت بڑا دھچکا لگا، ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو حالات مزید بگڑسکتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایسی حکمت عملی تیار کی کہ کوروناکی روک تھام میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا، عید پر عوام نے ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا، جس سے اموات میں اضافہ ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی ابتدا میں ہم نے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کی، مشکلات کے باوجود ترقیاتی پروگرام، زراعت اور تعمیراتی شعبے کو مراعات دیں۔شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان جب وبا سے دو چار ہوا تو ملک میں 2 لیبارٹریاں تھیں اور وینٹی لیٹرز بھی بہت تھوڑے تھے، ہم نے ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور سزائیں بھی تجویز کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں