لبنان کی حزب اللہ اور عیسائی قصبے کے رہائشیوں کے درمیان جھڑپیں، دو افراد ہلاک
بیروت (این این آئی) لبنان میں رات حزب اللہ اور ایک عیسائی قصبے کے رہائشیوں کے درمیان مسلح جھڑپوں میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایاکہ مبینہ طور پر اسلحے سے بھرا ایک ٹرک کحالہ قصبے کے قریب ایک موڑ پر الٹ گیا، جہاں اسے مقامی لوگوں نے اسے گھیر لیا اور سڑک بلاک کر دی۔خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ٹرک ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کا تھا، جس کا بعد میں اس گروپ نے دعوی کیا۔حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کا ایک ٹرک ،جس میں اسلحے کا کوئی ذکر نہیں تھا، بیروت جا رہا تھا جب راستے پر الٹنے کے بعد ایک مقامی ملیشیا کے ارکان نے حملہ کیا۔ گروپ کے مطابق، جھڑپوں کے دوران حزب اللہ کا ایک کارکن مارا گیا۔ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ حزب اللہ کا ایک اور رکن اور ایک مقامی باشندہ بھی زخمی ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک الگ فرد جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مقامی رہائشی اور کتائب پارٹی کا رکن بھی مارا گیا ہے۔حزب اللہ سے وابستہ میڈیا نے فوری طور پر کتائب اور لبنانی افواج کو مورد الزام ٹھہرایا، جنہیں روایتی طور پر اس قصبے میں جہاں جھڑپیں ہوئیں وہاں وسیع حمایت حاصل رہی ہے۔


