جرمانے کی ادائیگی سے بچنے کیلئے ایک فلسطینی خاندان نے اپنا مکان خود مسمار کردیا
راھط (صباح نیوز) اسرائیلی حکام نے فلسطینی علاقوں کے اندر النقب کے علاقے کے شہر راھط سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی خاندان کو اپنا مکان خود مسمار کر دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابو غانم خاندان النقب کے علاقے راھط شہر سے اپنا مکان مسمار کرنے پر مجبور ہوا۔ مسماری کے اخراجات اور بھاری جرمانے کی ادائیگی سے بچنے کے لئے خاندان نے خود ہی اپنا گھر مسمار کردیا ، قابض پولیس نے اپنے یونٹوں کے ساتھ مل کر اس علاقے پر دھاوا بول دیا جہاں یہ خاندان رہتا ہے اور انہیں مکان خالی کرنے اور مسمار کرنے کے لئے 10 منٹ کا وقت دیا۔ابو غانم کا خاندان اس گھر میں رہائش پذیر تھا جسے قابض حکام نے 17 سال قبل مسمار کرنے پر مجبور کیا تھا جب کہ شدید گرمی کے باوجود خاندان کے افراد کو کھلی فضا میں چھوڑ دیا گیا تھا۔مقبوضہ علاقوں کے اندر فلسطینی دیہات اور قصبوں میں بغیر پرمٹ کے تعمیرات کے بہانے گھروں، دکانوں اور صنعتی ورکشاپوں کو مسمار کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بار بار اسرائیل کے ریاستی جبر کیخلاف آواز اٹھانے کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف یہ نسلی امتیازبند نہیں ہوا۔


