کوئٹہ، کورونا سے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ:بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کے کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاون کا فیصلہ کرلیاہے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو مذکورہ علاقوں میں مطلوبہ سہولیات کی دو ہفتے تک فراہمی یقینی بنانے کے بھی احکامات دے دئیے ہیں۔گزشتہ روزشہر کے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ محکمہ داخلہ کے اجلاس میں کیاگیا جس کیلئے محکمہ صحت سے شہر میں کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا ڈیٹا اور تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ نے اس ضمن میں کیسکو، سوئی گیس کمپنی، واسا اور پی ٹی سی ایل کو متعلقہ علاقوں میں مطلوبہ سہولیات کی دو ہفتے تک مکمل فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔کورونا وائرس آپریشن سینٹر کی جانب سیکوئٹہ میں ابتدائی طورپرکورونا سے زیادہ متاثرہ 20 یونین کونسلوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔شہر کے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈان کا اطلاق آئندہ دو روز میں کیاجائیگا۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، اب تک مریضوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جس میں سے 8794 کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے جب کہ صوبے میں اموات کی تعداد 93 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں