90 دن میں انتخاب کرانے کا مطالبہ سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کے سواکچھ نہیں، سعد رفیق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اورسابق وفاقی وزیر برائے ریلوے وہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ 90 دن میں انتخاب کرانے کا مطالبہ سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کے سواکچھ نہیں ، پی ٹی آ ئی کا حال اس لفٹ کاسا ہے جس میں ضرورت سے زیادہ لوگ زبردستی ٹھونسے جائیں تو وہ جام ہو جاتی ہے یا کام نہیں کرتی۔ان خیالا ت کااظہار خواجہ سعد رفیق نے ہفتہ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا جبکہ اپنے دوسرے ٹویٹ میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مشرکہ مفادات کونسل(سی سی آئی) کے تمام ووٹر اور بطور مبصر شریک افراد اچھی طرح آگاہ تھے کہ نئی مردم شماری کے نتائج کی توثیق کے بعد عام انتخابات حکومت ختم ہونے کے ساڑھے پانچ ماہ بعد ہوں گے، وہاں کسی رکن نے 90 روز میں انتخابات کرانے کی بات بھی نہیں کی۔ انہوںنے کہا کہ تمام جماعتیں آگاہ ہیں کہ نئی مردم شماری کے نتیجے میں لاکھوںنئے رجسٹرڈ ووٹرزکوووٹ کا حق ملے گا، آئین کے مطابق نء حلقہ بندیا ں ہوں گی جس کے لئے 120دن درکارہوں گے، پھر 45دن کیلئے الیکشن شیڈول کا اعلان ہو گا۔ 90 دن میں انتخاب کرانے کا مطالبہ سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کے سواکچھ نہیں۔


