گوادر فری زون نارتھ کیلئے واٹر سپلائی نیٹ ورک بچھانے کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا
گوادر (آئی این پی) فری زون نارتھ کے لیے واٹر سپلائی نیٹ ورک بچھانے کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا، منصوبے کے لئے اوپن بولی کے ذریعے ٹینڈر ایوارڈ کیا جائے گا۔گوادر پورٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ توقع ہے کہ اس منصوبے کے ورک آرڈر ستمبر کے پہلے ہفتے میں جاری کر دیئے جائیں گے گوادر نارتھ فری زون کودو مختلف ذرائع سے پانی فراہم کیا جائے گا جس کے لئے دو واٹر سپلائی پائپ لائن نیٹ ورک کی تنصیب کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ایک ذریعہ سوار ڈیم اور شادی کور ڈیم جبکہ دوسرا ذریعہ چین کی مالی اعانت سے تعمیر کیا جانے والا نیا ڈی سیلینیشن پلانٹ ہوگا جس کی یومیہ پیداواری صلاحیت 1.2 ملین گیلن ہوگی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالواحد بلوچ کے مطابق پانی کی فراہمی کے لئے کل لمبائی 6 کلومیٹر ہوگی اورامید ہے کہ واٹر سپلائی منصوبہ رواں سال نومبر تک مکمل ہوجائے گاگوادر فری زون کا آپریٹر گوادر فری زون کمپنی زون کے داخلی مقام سے زون کے اندر زیر تعمیر فیکٹریوں تک پانی کی فراہمی کی پائپ لائن نیٹ ورک کی توسیع کی ذمہ دار ہوگی۔پانی کی فراہمی کے منصوبے کے علاوہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گہرے سمندر کے پورٹ گرڈ اسٹیشن سے نارتھ فری زون تک بجلی کی فراہمی کے لیے بھی فنڈز مختص کیے۔


