عوام میں مہنگائی کو مزید برداشت کرنے کی سکت نہیں رہی، کوئٹہ ڈویلپمنٹ محاذ

کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ ڈویلپمنٹ محاذ کے زیر اہتمام عبدالمتین اخونذادہ ، رضا وکیل، حبیب الرحمان بڑیچ، حاجی محمد سلیم بڑیچ کی قیادت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کے خلاف جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا مظاہرین نے بینرز ا ٹھا رکھے جن پر نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج پاکستان میں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے کم آمدنی والے شہری ، دیہاڑی دار طبقہ اور مزدور شدید متاثر ہورہے ہیں حکمرا ن اپنی شاہ خرچیوں کو پورا کرنے کے لئے عوام پر بجلی کے بلوں میں بے تحاشا ٹیکسز اور یونٹ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کا جینا محال کررہے ہیں اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے ۔ کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب لوگوں کا چولہا ٹھنڈا کردیا ہے اور لوگ اجتماعی خودکشیوں پر مجبور ہیں جبکہ حکمران اپنی مراعات اور شاہ خرچیاں کو دوام دینے کے لئے عوام پر مزید مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ اب عوام میں مہنگائی کو مزید برداشت کرنے کی سکت نہیں رہی جس طرح بجلی کے فی یونٹ اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج پاکستان بھر میں شہری سراپا احتجاج ہیں لیکن حکمرانوں اور ارباب اختیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی جو حکمرانوں کے لئے لمحہ فکر ہے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر ا من طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں