ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر باسکٹ بال جتنا بڑا سونے کا یادگاری سکہ تیار کرلیا گیا

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر باسکٹ بال جتنا بڑا سونے کا یادگاری سکہ تیار کرلیا گیا۔ برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم گزشتہ سال 8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی کے موقع پر 3 کلو سے زائد سونے اور ہزاروں ہیروں کی مدد سے ایک یادگاری سکہ تیار کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ا س خصوصی سکے کو ماضی کی برطانیہ کی سلطنت پر راج کرنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کے نام سے منسوب لائف اسٹائل برانڈ نے تیار کیا ہے۔ اصل ایسٹ انڈیا کمپنی 1874ءمیں تحلیل ہونے سے پہلے تقریباً 300 سال تک کام کرتی رہی۔ تاہم بھارتی نڑاد برطانوی تاجر سنجیو مہتا نے 2005 میں اس کمپنی کے نام کو لائف اسٹائل برانڈ کے طور پر دوبارہ استعمال کرنے حقوق حاصل کیے تھے۔ کمپنی کے مطابق اس یادگاری سکے کو ”دی کراﺅن“ کا نام دیا گیا ہے جبکہ اس میں 6 ہزار 424 ہیرے استعمال کیے گئے ہیں۔ اس خصوصی سکے کی مالیت 23 ملین ڈالرز (یعنی 7 ارب پاکستانی روپے) سے زائد ہے، یہی وجہ ہے کہ سکے کو اب تک کے سب سے قیمتی سکوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ اس سکے کا قطر 9.6 انچ سے زیادہ ہے جوکہ ایک باسکٹ بال کے سائز سے بڑا ہے، اس کے ڈیزائن میں تقریباً 24 قیراط کے ایک درجن سونے کے سکے جڑے ہوئے ہیں، درمیان میں 2 پاﺅنڈ سے زائد کا سونے کا سکہ لگایا گیا ہے جبکہ اس کے اطراف میں ایک اونس کے وزن کے 10 سکے لگائے گئے ہیں جس پر ملکہ کی تصاویر بنی ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں