الیکشن کے حوالے سے زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات میں کوئی فرق نہیں،پی پی پی
کراچی(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی متحد کھڑی ہے، الیکشن کے حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات میں کوئی اتنا فرق نہیں۔اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین میں ہے کہ اگر نشستیں بڑھا رہے ہیں تو حلقہ بندیاں ہوں گی، حلقہ بندیاں کوئی اتنا طویل عمل نہیں جسے آپ نومبر تک لے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شک ہے شاید الیکشن شیڈول دسمبر میں بھی نہ ملے، آپ الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہے اور خاموش ہیں تو اس کا کیا مطلب ہے؟۔رہنما پیپلز پارٹی کاکہنا تھا کہ پوری پیپلزپارٹی متحد کھڑی ہے، اگلے ہفتے لاہور میں پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہے، اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور مستقبل کا لائحہ عمل دیں گے۔دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی جانب سے سابقہ دور حکومت کی ناکامیوں کا ملبہ ڈالنے پر برہم ہو گئی، پارٹی رہنماؤں کا معاملہ مرکزی مجلس عاملہ میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے تنقید پر شدید برہم ہوئے اور پی پی رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو ن لیگ کے بارے میں تحفظات سے آگاہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق پی پی قیادت پر ن لیگی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کرنے کیلئے دباو بڑھنے لگا جبکہ پارٹی رہنماؤں کو تاحال پارٹی قیادت کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی رہنماؤں نے معاملہ سی ای سی اجلاس میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ن لیگی رہنماؤں کی بیان بازی کا معاملہ قیادت کے سامنے رکھیں گے، پی پی قیادت کو لیگی قیادت سے وضاحت طلبی کا مطالبہ کریں گے۔پی پی رہنما نے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں کے پیپلزپارٹی مخالف بیانات سنجیدہ معاملہ ہے، پیپلزپارٹی لیگی رہنماؤں کے بیانات کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ لیگی رہنما پیپلزپارٹی مخالف بیانات انفرادی حیثیت میں نہیں دے رہے، شک ہے ن لیگی رہنما پارٹی پالیسی کے تحت پیپلزپارٹی پر تنقید کر رہے ہیں۔پی پی ذرائع نے بتایا کہ ن لیگی رہنما ڈیڑھ سالہ ناکامیوں کا ملبہ پیپلزپارٹی پر مت ڈالیں، پیپلزپارٹی دیگر جماعتوں کی طرح حکومتی اتحاد کا حصہ تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، ن لیگی قیادت کے پارٹی رہنماؤں کے بیانات پر خاموشی سوالیہ نشان ہے۔پیپلزپارٹی کے ذرائع نے مزید کہا کہ لیگی قیادت کا پی پی مخالف بیان بازی کا نوٹس نہ لینا افسوسناک ہے، سابقہ حکومت کی کامیابیوں اور ناکامیوں کی ذمہ دار تمام اتحادی جماعتیں ہیں


