اسرائیلی فوج کی کارروائیاں، 7 فلسطینی شہری گرفتار
نابلس (صباح نیوز) اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قابض فوج نے نوجوان مہند اسامہ حازم دویکات کو نابلس کے جنوب میں حوارہ چوکی سے گرفتار کیا۔ اس کے چند گھنٹے بعد اس کے بھائی ایہاب کو قریبی عمارت سے حراست میں لیا۔نابلس پر حملے کے دوران قابض افواج کو فلسطینیوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا گیا اور دیسی ساختہ بموں سے دھماکہ کیا گیا۔ قابض فوج نے دو نوجوانوں عزالدین بری اور حمام صوان کو شمالی مغربی کنارے میں اماتین قصبے سے گرفتار کیا۔قابض فوج نے محمد عماد شبیطہ کو قلقیلیہ کے مشرق میں عزون سے گرفتار کیا۔دوسری جانب درجنوں انتہا پسند آباد کاروں نے اسرائیلی قابض پولیس کے سخت پہرے میں مغربی گیٹ کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔قابض پولیس نے فلسطینیوں کے مسجد میں داخلے پر سخت پابندیوں کے درمیان مسجد اقصیٰ کے قرب و جوار میں نفری بڑھا دی۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے محکمہ نے اطلاع دی ہے کہ درجنوں آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔ اس کے صحنوں کے اشتعال انگیز دورے کئے ، مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑمیں اشتعال انگیزحرکات کا ارتکاب کیا ۔


