بجٹ میں خودساختہ اسکیمات کو شامل کیا گیا ہے، احمد نواز بلوچ
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر و رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے نئے مالی سال کے بجٹ کو غیر متوازن اور عوامی امنگوں کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں صوبے کی یکساں ترقی اور ملازمین کے لیے کچھ نہیں رکھا گیا اپوزیشن کے اراکین کے تجویز کردہ منصوبوں کو نکال کر ہر حلقے میں خود ساختہ اسکیموں کو شامل کیا گیا ہے حالیہ بجٹ تاریخ کا انتہائی مایوس کن اور سو فیصد غیر عوامی ہے جو محض اعداد و شمار کی ہیر پھیر کے سوا کچھ نہیں بی این پی ضلعی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بارہا دعووں کے باوجود بجٹ مایوس کن رہا جس میں سماجی ترقی کے لیے عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے گھما پھرا کر انہی مخصوص طبقات پر خصوصی نظر کرم کی گئی جن شکست خوردہ عناصر سے متعلق اپوزیشن روز اول سے تحفظات کا اظہار کرتی چلی آرہی ہے یہ پہلا بجٹ ہے جس میں سرکاری ملازمین کے لیے ایک ڈھیلا بھی نہیں رکھا گیا عوامی ضروریات کے قطع نظر ایسے منصوبوں کو فوقیت دی گئی جس کی افادیت براہ راست عوام کو نہیں مخصوص افراد کو حاصل ہوگی حکومت اپنی نا اہلی کو کورونا وائرس کی آڑ میں چھپانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں اپوزیشن کی رہنماء مشاورت کو بھی سیاسی رنگ دیکر اپنی ضد پر قائم ہے اس حکومتی نااہلی کی سزا ایک بار پھر بلوچستان کے پسماندہ اور مظلوم عوام کو ہی مزید پسماندگی کی شکل میں بھگتنا پڑے گی صوبائی حکومت اصلاح احوال اور دانشمندی کی راہ اپنانے کو تیار نہیں کورونا وائرس کی آڑ میں وسائل پر ہاتھ صاف کرنے کے خواب کو عملی تعبیر دی جاررہی ہے موجودہ وباء کورونا حکومت کے لیے ایک مصدقہ بہانہ ہے جس کی آڑ میں حکومت کسی دلیل کے بغیر منتخب اراکین اسمبلی کی سفارشات کے قطع نظر اپنی من مانی کررہی ہے میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ اس ظالمانہ بجٹ کا پوسٹ مارٹم کرکے اسے ہر فورم پر بے نقاب کریں گے بجٹ کے اعداد و شمار صوبائی میں درپیش عوام کے مسائل کا مداوا ثابت نہیں ہوسکتے عوام نے ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیا ہے اور عوام کے حقوق کا دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا


