ہم خیال سیاسی جماعتوں کا وسیع تر اتحاد تشکیل دیا جائے، مولانا شیرانی کی پی ٹی آئی وفد سے گفتگو
کوئٹہ (آن لائن) جمعیت کے رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ ہماری جماعت کا اصولی موقف یہ ہے کہ الیکشن اور ووٹ ہماری ضرورت نہیں ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف اتحادی جماعت کی حیثیت سے ہمارے اس موقف کی تائید کا پابند نہیں ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ ملک میں آئین کے مطابق بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے ہم پی ٹی آئی کے اس مطالبے کو درست سمجھتے ہوئے اس کی حمایت کرتے ہیں کہ آئین کے مطابق کسی بھی فرد اور جماعت کو انتخابات کے میدان سے باہر رکھنے کا کوئی آئینی اور قانونی جواز موجود نہیں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ میں پی ٹی آئی کے اعلی سطحی مرکزی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ملاقات میں قومی اسمبلی کا سابق اسپیکر اسد قیصر پی ٹی آئی کا مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عمیر نیازی ایڈووکیٹ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات رف حسن جبکہ رابطہ جے یو آئی پاکستان کے مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان مولانا گل نصیب خان مولانا عبدالخالق ہزاروی سید حاجی قاسم شاہ سمیت دوسرے رہنما موجود تھے ملاقات میں دونوں جماعتوں کی قیادت نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ قومی اور ملی تقاضوں کے بجائے ذاتی ضروریات اور مجبوریوں کی بنیاد پر سیاست کرنے والی جماعتوں کے غیر سنجیدہ کردار کے باعث عوام کی نظروں میں سیاست اپنی وقعت اور افادیت کھو بیٹھا ہے عوام کی نگاہ میں اس وقت سیاست چند مخصوص افراد کی شخصی مالکانہ حقوق کی ذہنیت کے ساتھ تشکیل کردہ سیاسی جماعتوں کے مادی مفادات اور اقتدار میں حصہ داری کی بنیاد پر رقابت اور رفاقت کی کھیل کا عنوان بن کر رہ گیا ہے اس صورتحال میں ضروری ہوگیا ہے کہ ملکی سطح پر ہم خیال سیاسی جماعتوں کی وسیع تر اتحاد کی تشکیل کو عمل میں لایا جائے اور اس اتحاد کے پلیٹ فارم سے باوقار اور سنجیدہ طرز سیاست کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال اور مثبت انسانی اور اسلامی رویوں کو فروغ دیا جائے سیاست کو معاشرے میں انتشار اور تقسیم کے بجائے وحدت اور قربت اور تفریق و تصادم کے بجائے توحید و تعاون کے فروغ کا ذریعہ بنایا جائے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر رکھا ہے پہلے مرحلے میں ان جماعتوں کا اجلاس بلا کر ان کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے یہ نظریہ رہا ہے کہ سیاست کیلئے مابہ الاختلاف امور کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے سے فاصلے اختیار کرنے کے بجائے مابہ الاشتراک چیزوں کو مقدم کرکے باہمی قربت کا اساس بنانا چاہیے ملاقات کے اختتام پر مولانا محمد خان شیرانی نے تمام مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔


