2014ءسے لاپتا سدورا بگٹی اور خدا بخش بگٹی کو بازیاب کرایا جائے، اہلخانہ کا مطالبہ
کوئٹہ (پ ر) 2014ءسے لاپتا سدورا بگٹی اور خدا بخش بگٹی کے لواحقین کا حکام بالا سے اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ۔ ضلع ڈیرہ بگٹی کے رہائشی لاپتا افراد سدورا ولد مرید بگٹی اور خدا بخش ولد میر خان بگٹی کے لواحقین نے اپنے بیان میں انسانی حقوق کے اداروں اور حکومتی حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے لاپتہ پیاروں کی بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ خدا بخش بگٹی کو یکم مارچ 2014ءکو ڈیرہ غازی خان سے لاپتہ کیا گیا جبکہ سدورا بگٹی کو 15 مارچ 2014ءکو پنجاب کے شہر صادق آباد سے لاپتہ کیا گیا۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ ہمارے پیاروں کو لاپتا ہوئے آٹھ سال مکمل ہوگئے ہیں، لیکن ابھی تک ان کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو عدالت میں پیش کر کے انہیں قانون کے تحت سزا دیں مگر ان کی جبری گمشدگیوں کی وجہ سے پورا خاندان پچھلے آٹھ سال سے اذیت برداشت کررہے ہیں۔


