روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والے 5رکشے ضبط کرلئے گئے
کوئٹہ (خ ن) ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن اور سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ کی ہدایت پر کوئٹہ شہر میں روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والے غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 05 غیر قانونی رکشوں کو ضبط کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ کی نگرانی میں آر ٹی اے کوئٹہ اور ٹریفک پولیس پر مشتمل ٹیم نے میزان چوک پر چھاپہ ماری۔اس موقع پر سپرنٹینڈنٹ آر ٹی اے کوئٹہ حمید اللہ محمد حسنی،ایس پی سٹی سرکل ظمیر اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پرکم عمر اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے رکشہ چلانے اورٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے اور اصل روٹ پرمٹ نہ رکھنے پر 52 رکشوں کا چالان کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شہر میں غیرقانونی رکشوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی لہذا رکشہ ڈرائیور قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے اپنا پرمٹ ہمراہ رکھیں جبکہ غیر قانونی اور جعلی رکشے چلانے سے اجتناب کریں وگرنہ رکشہ پکڑ کر ضبط کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری رکشہ مالکان پر ہوگی۔


