بلوچستان میں جعلی لوکل ڈومیسائل پر بھرتیاں آتش فشاں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف

کوئٹہ (یواین اے)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، ممتاز قبائلی شخصیت ” سید صادق آغا نے بلوچستان کے سرکاری محکموں میں جعلی لوکل اور ڈومیسائل پر دوسرے صوبوں کے لوگوں کی بھرتی کی خبروں پر سخت تشویش اور رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔کہ ایک طرف پہلے ہی بلوچستان میں بے روزگاری اپنے انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ صوبے کے لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے درپدر پھرتے ہیں۔ پھر مجبور ہو کر رکشہ ڈرائیوری یا ایرانی پٹرول فروخت کرنے کے کاروبار میں کود پڑتے ہیں۔ اور اکثر بے روزگاری سے تنگ آکر رہزنی، چوری، ڈکیتیاں اور دوسرے جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ دوسری طرف ایک مخصوص لابی کے جانب سے جعلی لوکل ڈومیسائل وغیرہ پر دوسرے صوبوں سے لا کر بھرتی کرنے کا عمل بلوچستان کو ابلتے اتش فشاں میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر گزشتہ دو سالوں سے شور شرابہ ہے۔ مگر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ جبکہ افغان مہاجرین سے مذکورہ مسئلہ زیادہ خطرناک ہے۔ اور افغان مہاجرین کے مسئلے پر جنگی ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ یہ مسئلہ طویل عرصہ سے زیر بحث ہے۔ مگر بلوچستان اور نوجوانوں کے حقوق کے دعوی دار سیاسی قوم پرست اور مذہب پرست جماعتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اس خوف سے کہ اواز بلند کرنے پر مخصوص لابی کئی ان کے پول نہ کھول دے۔ لیکن پی ٹی ائی اس حق تلفی پر خاموش ہرگز نہیں بیٹھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں