مصر-غزہ کی سرحد پر امدادی قافلے پھنس گئے، اسرائیل کا اجازت دینے سے انکار
غزہ(صباح نیوز) متاثرین غزہ کے لئے مصر اور ترکی سے امدادی سامان لے کر آنے والے ٹرک رافح کراسنگ بند ہونے کے باعث پھنس گئے اور غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کے لیے گھنٹوں سے انتظار کر رہے ہیں۔ یہ سرحد بند ہونے کی وجہ سے اب یہاں سے غزہ کو امداد کی فراہمی بھی رک گئی ہے۔ مصر اور ترکی سے سامان لے کر جانے والے ٹرکوں کی ایک قطار لگی ہوئی ہے، جو سرحدی گزرگاہ کے قریب العریش شہر میں غزہ میں داخل ہونے کا انتظار میں ہے۔ اطلاعات کے مطابق حال ہی میں غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کراسنگ کو بند کر دیا گیا تھا، جس سے کراسنگ کے فلسطینی جانب تباہی ہوئی تھی۔ اسرائیل کی جانب سے فضائی بمباری کی وجہ سے حالیہ دنوں میں اس چیک پوائنٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس بمباری کی وجہ سے غزہ کی پٹی والی طرف سرحد کو نقصان بھی پہنچا، جس کے بعد یہاں سے لوگوں کا یہاں سے اندر آنے یا باہر جانے کا سلسلہ رک گیا۔ یہی وجہ ہے کہ غزہ کی پٹی میں رہنے والوں تک امدادی سامان بھی اب سرحد پر پہنچ کر رک گیا ہے۔ اب امداد فراہم کرنے والے ادارے حکام سے یہ درخواست کر رہے ہیں کہ ان کے امدادی قافلوں کو آبادی تک پہنچنے میں رسائی دی جائے۔


