ہم آسانی سے وفاقی بجٹ منظور کروالیں گے،شبلی فراز

اسلام آباد؛وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کسی اور کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو حکومتی کارکردگی میں بہتری کے لئے 6ماہ کی ڈیڈ لائن دینے کا مفروضہ حقائق کے منافی ہے۔ عمران خان نے تحریک انصاف حکومت کی، نصف مدت پوری ہونے کی وجہ سے آئندہ 6ماہ کو اہم قراردیا اور وزراء کو کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 6ماہ بعد ہماری حکومت کے ڈھائی سال پورے ہوجائیں گے اور حکومتی مدت کا نصف عرصہ باقی رہ جائے گا اس لئے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ حقائق کو توڑمروڑ کر کچھ اور مطلب نکالنے کی کوشش کرتے ہیں اور افواہیں پھیلاتے ہیں کہ وزیراعظم کو کہیں سے ڈیڈلائن دی گئی ہے کہ حکومت کی مدت صرف 6ماہ رہ گئی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سنگ میل دیا کہ مڈٹرم سے پہلے ہمیں اپنے بہت سے کام مکمل کر لینے چاہییں۔ وزیراعظم عمران خان نیک نیتی سے ملک کو چلا رہے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ بدھ کے روز بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی ہے۔ میں بھی میٹنگ میں موجود تھا جتنے بھی وزراء ہیں وہ ایک ٹیم کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ کابینہ ہو یا پارٹی ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے تک کام کرتے ہیں جب کبھی اہم موقع ہو تو وہ ایوان میں ضرور آتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھی ایوان میں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو پارٹی میں اختلافات ہیں تو اعتراضات والی بات پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں ہونی چاہیے۔ ہر کسی کے گلے شکوے ہوتے ہیں لیکن لیڈر حالات کے تناظر میں دیکھتا ہے۔ ارکان اسمبلی کو تحفظات کا اظہار باہر نہیں کرنا چاہیے۔ شبلی فراز نے کہا کہ ہم آسانی سے وفاقی بجٹ منظور کروالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایسا قانون نہیں ہونا چاہیے جس پر ارکان اسمبلی بحث نہ کرسکیں۔ اٹھارویں ترمیم کی بعض شقوں پر بحث ہونا ضروری ہے۔ بحث نہ ہونے کا رویہ غیر صحت مندانہ ہے خامیاں دور کرنی چاہییں۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں شہری کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کے واقعے کی ذمہ داری لیتا ہوں۔ آئی جی خیبر پختونخواہ سے بات کروں گا کہ ذمے دار کو سخت سزا دی جائے۔(آصف /رومان اختر)

اپنا تبصرہ بھیجیں