سنجاوی، گھر میں آتشزدگی سے خاتون، اورماڑہ میں کرنٹ لگنے سے مزدور جاں بحق
سنجاوی (یواین اے)سنجاوی کے علاقے کلی بغاو میں گھر میں آتشزدگی سے خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی، اہل خانہ کے دیگر افراد نے بھاگ کر جان بچائی۔ تفصیلات کے مطابق سنجاوی کے دور دراز علاقے کلی بغاو میں رات کے وقت اچانک گھر میں آگ بھڑک اٹھی، آگ نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے دوران خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی جبکہ اہل خانہ کے دیگر افراد نے بھاگ کر جان بچا لی، آگ لگنے سے تمام گھریلو سامان بھی جل کر خاکستر ہوگئے، اطلاع ملنے پر تحصیلدار غلام حسن اور نائب رسالدار نورالحق غرشین لیویز فورس کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور ایک گھنٹے کی امدادی کارروائیوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی سے متاثر خاندان سرد موسم میں کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں، تاہم لاش کو سنجاوی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اورماڑہ میں دیمی زر کنارے پہ بجلی کے کھمبے پر دوران کام مزدور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق مزدور کی شناخت دوست محمد کے نام سے ہوئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب واپڈا کے اہلکار اور ٹھیکیدار مذکورہ بجلی کے کھمبے پر گیارہ ہزار واٹ کے تار بچھانے کا کام کر رہے تھے۔ دوران کام کرنٹ لگنے سے مزدور شدید زخمی ہوا تھا جسے شدید زخمی حالت میں پی این ایس درمان جاہ اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزدور چل بسا۔


