بارکھان، کنویں سے لاشیں ملنے کا کیس، ضلعی چیئرمین ضانت خارج ہونے پر گرفتار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایک سال پہلے کنویں سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں ملنے کے کیس میں سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کے بھتیجے اور ضلع چیئرمین سردار زادہ غفور کی ضمانت خارج ہوگئی۔ بارکھان میں کنویں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں ملنے کے کیس کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بارکھان میں سماعت ہوئی۔ کیس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین سردار زادہ غفور کھیتران سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے، سیشن کورٹ نے کیس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین بارکھان سردار زادہ غفور کھیتران کی ضمانت منسوخ کردی۔ ضمانت منسوخی پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور کرائم برانچ کے حوالے کردیا۔ اسی کیس میں ایک اور ملزم سردار زادہ رﺅف شاہ کھیتران کو عدم حاضری کی بناءپر اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ یاد رہے کہ ایک سال قبل حاجی کوٹ گاﺅں کے قریب کنویں سے خاتون سمیت تین افراد کی مسخ شدہ لاشیں ملی تھیں۔ کنویں سے ملنے والی دو لاشوں کی شناخت خان محمد مری کے بیٹوں کے طور پر ہوئی تھی۔ اسی کیس میں سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران بھی گرفتار ہوئے تھے جوکہ ضمانت پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں