بلوچستان بھر میں میرٹ اور شفافیت کی جو دھجیاں بکھیری گئی ،اس کی مثال نہیں ،نیشنل پارٹی
پنجگور( این این آئی )نیشنل پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابقہ دور حکومت میں کرپشن اور کمیشن کی تاریخ رقم کرکے پنجگور سمیت بلوچستان بھر میں میرٹ اور شفافیت کی جو دھجیاں بکھیری گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی جس طرح سول انتظامیہ نے بھتہ خوری اور کمیشن کے ذریعے سرحدی علاقوں میں لوگوں کو بے روزگار کرکے ملازمتیں فروخت کی ہے اس کی تحقیقات کرکے حقداروں کو حق دیکر بلوچستان سے بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کو ممکن بنایا جاسکتا ہے پارٹی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق دور حکومت میں جس طرح پنجگور میں سابق صوبائی وزیر اور ضلعی انتظامی سربراہ نے بھتہ خوری کرتے ہوئے لیویز سمیت دیگر محکموں میں خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لئے میرٹ پر آنے والے نوجوانوں کو حق سے محروم کرکے منظور نظر اور خرید و فروخت کے ذریعے لوگوں کو روزگا ردیتے ہوئے علاقے کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے جس کا خمیازہ آج عوام اور مذکورہ علاقوں کے مکین بھگت رہے ہیں۔ لیویز سمیت دیگر محکموں میں لوگوں سے پیسے وصول کرکے انہیں نوکریاں دی جارہی ہے اس کے علاوہ سابقہ دور حکومت میں سابق صوبائی وزیر انتظامی آفیسر نے لوگوں کو روزگار کے نام اسٹیکر اور ٹوکن کے ذریعے کروڑوں روپے کماتے ہوئے لوگوں کی عزت نفس کو مجروع کیا۔ بیان میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر اور الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ پنجگور سمیت صوبہ بھر میں کرپشن، کمیشن اور ملازمتوں کی خرید و فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے صاف اور شفاف تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لاکر اس میں ملوث عناصر اور انتظامی سول آفیسران کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو انصاف دیا جائے۔


