نگراں حکومت کے دور میں سینیٹ کا پہلا اجلاس جمعہ کو ہو گا

اسلام آباد (صباح نیوز) نگران حکومت کے دور میں سینیٹ کا پہلا اجلاس آج (جمعہ کو) پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا۔ اجلاس پارلیمانی جماعتوں کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے اور نگران حکومت کی جانب سے اجلاس کے لیے سمری ایوان صدر ارسال نہ کی جا سکی۔ اجلاس میں غزہ فلسطین کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر بحث ہو گی۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی شرکت کا بھی قوی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا آخری اجلاس پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران 9 اگست 2023 ء کو ہوا تھا۔ نگران حکومت کے دور میں سینٹ کا پہلی بار اجلاس ہو گا۔ بحیثیت نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی پالیمنٹ ہاؤس میں پہلی آمد متوقع ہے اور صورت میں سینیٹ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی نے پارلیمانی جماعتوں کی ریکوزیشن پر طلب کیا ہے۔ درخواست کی محرک جماعتوں میں نون لیگ، پی پی، بلوچستان عوامی پارٹی، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ مشرق وسطیٰ غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور بڑے پیمانے پر معصوم انسانی جانوں کے نقصان کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال پر بحث ہو گی اجلاس دن ساڑھے دس بجے ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں