انڈیا میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی، ’ملک میں صورتحال بہتر ہے‘ مودی
وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ اس سال کے شروع میں یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ انڈیا پر کورونا وائرس کا سب سے زیادہ اثر پڑے گا لیکن لاک ڈاؤن، حکومتی کوششوں اور لوگوں کی جدوجہد کی وجہ سے انڈیا دوسرے ممالک سے بہتر حالت میں ہے اور ملک میں کی صحتیابی کی شرح بڑھ رہی ہے۔
وزیرِ اعظم کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب انڈیا میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
مودی نے کہا کہ کووڈ 19 ایک ایسی جسمانی بیماری ہے جس سے ناصرف جان کو خطرہ ہے بلکہ یہ غیر صحت بخش طرز زندگی کی طرف بھی توجہ دلاتی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ عوام کی جدوجہد سے اچھا نتیجہ برآمد ہوا ہے ، لیکن اب یہاں رکنا نہیں بلکہ اب زیادہ محتاط رہنا ہے۔
اس دوران وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ حکومت مذہب، ایمان، صنف، ذات یا زبان کی بنیاد پر کوئی امتیازی سلوک نہیں کرتی ہے۔
دوسری جانب کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے بھی سنیچر کے روز ٹویٹ کیا کہ حکومت کا کووڈ 19 سے نمٹنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ’کووڈ 19 ملک کے نئے حصوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ لیکن انڈیا کی حکومت کا اسے شکست دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم خاموش ہیں۔ انھوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور وہ اس وبا سے لڑنے سے قاصر ہیں۔‘


