قدوس بزنجو کو صدارت سے ہٹا دیا گیا، خالد مگسی بلوچستان عوامی پارٹی کے نئے صدر منتخب
کوئٹہ (یو این اے) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)کی صدارت سے ہٹادیا گیا۔بلوچستان عوامی پارٹی کا تیسرا جنرل کونسل اجلاس ہوا، جس میں سابق وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو کو پارٹی صدارت سے ہٹادیا گیا۔نوابزادہ خالد مگسی بلوچستان عوامی پارٹی کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔پارٹی صدارت کے لیے نوابزادہ خالد مگسی اور عبدالکریم آغا نے کاغذات جمع کرائے۔عبدالکریم آغا کی جانب سے کاغذات واپس لینے پر نوابزادہ خالد مگسی بلامقابلہ منتخب ہوئے۔بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹرمنظوراحمد کاکڑ نے کہاہے کہ بلوچستان میں بی اے پی کی پھر حکومت بنا کر صوبے کی حالت اور تقدیر بدلیں گے۔بلوچستان عوامی پارٹی کا جنرل کونسل اجلاس ہوا، مرکزی جنرل سیکرٹری بی اے پی منظور کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ خالد مگسی کو پارٹی کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔منظور کاکڑ نے کہا کہ پارٹی میں کئی اہم شخصیات اور کارکن شامل ہوئے ہیں، پارٹی میں شامل ہونے والے تمام دوستوں کو مبارکباد دیتا ہوں، بلوچستان عوامی پارٹی نے بلوچستان میں بڑے ترقیاتی کام کئے، ایک بار پھر صوبے میں بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت ہوگی۔مرکزی سیکرٹری جنرل بی اے پی نے مزید کہا کہ ہماری حالت بدلنے کے لئے باہر سے کوئی نہیں آئے گا، اس صوبے کی حالت اور تقدیر ہم خود بدلیں گے۔


