ہرنائی میں ریلوے ٹریک پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، ٹرین پٹری سے اتر گئی

ہرنائی (صباح نیوز) ہرنائی میں ریلوے ٹریک پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں نامعلوم مسلح افراد نے سبی جانے والی ٹرین کو بم حملے میں نشانہ بنایا، واقعے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ ہرنائی کے علاقے گنداکین سورین پل کے مقام پر پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے سبی جانے والی ٹرین پر بم حملہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کی پٹری تباہ ہوگئی ہے جسکی وجہ سے ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق ہرنائی سے ٹرین سبی آرہی تھی کہ ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا دھماکے سے تین افراد زخمی ہوگیے ریلوے ٹریک اور بوگی کو جزوی نقصان پہنچاریلوے ٹریک کو مرمت کے بعد ٹرین کو سبی روانہ کردیا گیاواقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا تھا جسکی آواز دور دور تک سنائی دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ ریلوے گزشتہ 17 سال سے بند تھی اور حال ہی میں اس کو بحال کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کے ذریعے معدنیات لے جانے کے علاوہ فورسز بھی سفر کرتے ہیں۔ تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں