سردی آتے ہی سریاب کے گنجان آباد علاقوں گیس غائب، امور خانہ داری بری طرح متاثر

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی لہر کے آتے ہی گیس پریشر میںکمی کے مسائل نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ سریاب روڈ کلی کمالو اور دیگر اطراف کے گنجان آباد علاقوں میں گیس غائب ہوگئی گھریلو امور بری طرح متاثر۔علاقہ مکینوں نے گیس پریشر میں کمی اور گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنے کیلئے رابطوں کا آغاز کردیا۔علاقے کے معتبرین و قبائلی شخصیات حاجی بشیر احمد رند حاجی عبدالعزیز شاہوانی ملک یگ محمد چیف عبدالغنی ملک محمد اسلام ملک فہیم شاہوانی و دیگر رہائشی افراد نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے علاقے میں گیس پریشر کی کمی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہزاروں افراد پر مشتمل سریاب کی آبادی شدید مسائل سے دوچار ہے مگر علاقے کے اس اہم مسئلے پر حکومت کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے دیگر علاقوں کی طرح سریاب کے گنجان آباد علاقوں میں بھی گیس پریشر کے اہم مسئلے کے پیش نظر نئی پائپ لائنیں بچھائی جائیں تاکہ سردی میں گیس پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے۔ انہوں نے کہا گیس پریشر کے مسائل اور امور خانہ داری متاثر ہونے کی وجہ سے علاقے کی بڑی آبادی کے رہائشی شدید پریشان ہیں اور ادارے گیس کمپنی کی کارکردگی سے مایوس ہوکر سراپا احتجاج ہوتے جا رہے ہیں۔اور اس حوالے سے جلد رابطہ مہم کرکے علاقے کے رہائشی افراد کے درینہ مسئلے کے حل کیلئے پر امن احتجاج کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں