نگراں وفاقی حکومت نے 29 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی تیاری کرلی
اسلام آباد (این این آئی)نگران وفاقی حکومت کی جانب سے 29 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی تیاری کرلی گئی۔ذرائع کے مطابق پہلی مرتبہ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز جاری ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے 24 رکنی کمیٹی کی منظوری دے دی، وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ کمیٹی کے چیئرمین مقرر کردیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اسٹیرنگ کمیٹی کو ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز جاری اور منسوخ کرنے، ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے دوران رکاوٹیں دور کرنے کا اختیار ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ 24 رکنی کمیٹی میں 4 نگران وفاقی وزرا اور 9 سینیٹرز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد اسٹیرنگ کمیٹی ختم ہونے سے فنڈز کا اجرا رک گیا تھا۔ رواں مالی سال کیلئے ترقیاتی اسکیموں کیلئے 90ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جاری فنڈز بھی تعطل کا شکار تھے، پیپلزپارٹی نے متعدد مرتبہ فنڈز اجرا کا مطالبہ کیا۔


