عدالت نے بلوچستان میں آن لائن کلاسز سے متعلق میکنزم رپورٹ طلب کرلی
کوئٹہ؛بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس نذیراحمد لانگو پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے بلوچستان میں آن لائن کلاسز سے متعلق میکنزم کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر میکنزم رپورٹ طلب کرلی ہے۔ یہ حکم عدالت عالیہ نے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت پر دیا۔سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ،سپریم کورٹ بار کے سابق صدر کامران مرتضی ایڈووکیٹ،ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر ایڈووکیٹ پیش ہوئے،سماعت شروع ہوئی توصوبے کے جامعات کے وائس چانسلرز کی جانب سے عدالت کوآن لائن کلاسز سے متعلق بریفنگ دی گئی، عدالت عالیہ نے صوبے میں آن لائن کلاسز کے طریقہ کار سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کمیٹی صوبے میں آن لائن کلاسز سے متعلق میکنزم طے کرکے آئندہ سماعت پر اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔بعدازاں عدالت نے سماعت 13جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔


