صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت، تفتیشی آفیسر کا بیان قلمبند
کوئٹہ (آن لائن) صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ،عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی آفیسر کا بیان قلمبند کرلیا،جس پر فریقین کے وکلاکی جانب سے جرح کی گئی۔منگل کے روز سیشن کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج(VII)کی عدالت میں صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت پولیس نے مقدمہ میںگرفتار ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا، دوران سماعت صحافی کے اہلخانہ کی جانب سے سینئر قانون دان و سابق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ نے معزز عدالت کے سامنے پیش ہوکر مقدمہ کی پیروی کی جبکہ مقدمہ کے تفتیشی آفیسرانسپکٹر عبدالغفار نے معزز عدالت کے سامنے پیش ہوکر مقدمہ سے متعلق اپنا بیان قلمبند کرایا جس پر فریقین کے وکلاکی جانب سے جرح کی گئی، جرح مکمل ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج(VII)نے آئندہ سماعت پر پولیس کے دوسرے گواہ کواپنا بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کر کے کیس کی سماعت29 نومبر تک ملتوی کردی، دوران سماعت صحافی کے بھائی اسفند یار رئیسانی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایوب ترین، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظور احمدرند و ایگزیکٹو کے ممبران سمیت دیگر صحافی رہنماءبھی احاطہ عدالت میں موجود تھے۔


