پیپلز پارٹی کے ہی دور اقتدار میں عوام خوشحال ہوئے، مخالفین کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، علی حسن زہری

حب (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و ضلع حب کے صدر اور ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کی زیر صدارت پارٹی کا اجلاس پیپلز سیکرٹریٹ حب میں منعقد ہوا۔اجلاس میں 56 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقد جلسے کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے اہم تجاویز پر غور کیا گیا اور حتمی پروگرام ترتیب دیا گیا۔اجلاس میں ضلع بھر میں استقبالیہ کیمپ قائم کرنے اور 30 نومبرکو یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ کو کامیاب کرانے اور کارکنوںاور عوام کو جلسہ عام میں بھرپور شرکت کے لئے حب سے کوئٹہ تک سفر اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامی لائحہ عمل طے کیا گیا۔میر علی حسن زہری نے اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع حب پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے اور 30 نومبر کو کوئٹہ میں مجوزہ جلسہ عام میں ضلع حب کے جیالے بھرپور شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایک نظریاتی اور عوامی جماعت ہے ۔ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ہمیشہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کئے ۔ پی پی پی کے ہی دور میں پاکستان کے عوام خوشحال ہوئے اور ملک ترقی کی جانب گامزن رہا ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ آج سے 56 سال پہلے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور آج پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی عوامی اور سیاسی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ہمارے اگلے وزیراعظم ہوں گے ۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ مخالفین پیپلز پارٹی کو ناکام کرنے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں اور لوگوں کو حیلے بہانوں سے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کون ان کا ہمدرد ہے اور کون اُن سے دشمنی کرتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا ایک سمندر ہے جو پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہا ہے آئندہ انتخابات میں عوام ہمارے ساتھ ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی جبکہ مخالفین کو منہ چھپانے کی بھی جگہ نہیں ملے گی ۔ دریں اثناءاجلاس میں پی پی حب کے جنرل سیکریٹری شریف پالاری،سیکرٹری اطلاعات صالح جتک، سینئر نائب صدر شکیل شیخ ،نائب صدر اول رزاق لاسی ،کونسلر عثمان کوہ بلوچ،علی نواز زہری نے بھی شرکت کی ۔یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں نائب صدر میر نعیم بلیدی، ڈپٹی جرنل سیکریٹری محمد جان مری، آفس سیکرٹری میر مشتاق جتک ،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اکرم لاشاری سمیت تحصیل حب کے صدر سرفراز سومرو جنرل سیکریٹری اسحاق زہری، سیکرٹری اطلاعات غفور مری ،منظور بلیدی اور دیگر عہدیداروں اور کارکنوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں