قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کیلئے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، صدر مملکت
اسلام آباد، کوئٹہ (این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تیز اور پائیدار ملکی ترقی کیلئے فکری اور تعلیمی ترقی پر توجہ دینا ناگزیر ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، بلوچستان کے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ سے ہی تیز رفتار ترقی ممکن ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی کے تعلیمی دورے پر آئے طلباءکے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ طلباءہنر مندی ، آن لائن اور فاصلاتی تعلیم سے بھی بھرپور استفادہ کریں، طلباءانفارمیشن ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا ہر شعبے میں اطلاق بڑھ رہا ہے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے پاکستان مختصر مدت میں معاشی ترقی کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے طلباءتندہی اور لگن کے ساتھ علم حاصل کریں،طلباءنصاب کے علاوہ کتب بینی اور علم کے حصول پر بھی توجہ دیں، ماضی میں علم کا حصول مشکل تھا، جدید ٹیکنالوجی سے علم تک رسائی بڑھائی ہے ، بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ترقی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔اس موقع پر وفد نے صدر مملکت کو بلوچستان کے تعلیمی شعبے میں کالج کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالج کے فارغ التحصیل سینکڑوں طلباءطب، انجینئرنگ ، سول سروس ، دفاع ، قانون اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ،صدر مملکت نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ میں کالج کے کردار کو سراہا ۔


