پاکستان میں آئرلینڈ کی آبادی کے برابر غیرقانونی تارکین وطن آچکے ہیں، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ دہائیوں میں تقریباً آئرلینڈکی آبادی کے برابر غیرقانونی تارکین وطن آچکے ہیں، اتنی بڑی تعداد میں غیرقانونی تارکین کو قیام کی اجازت دےکر قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ برطانوی اخبار میں غیر قانونی تارکین وطن پر خصوصی تحریر میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اگست 2021ءسے کم از کم 16 افغان شہریوں نے پاکستان میں خودکش حملے کیے، ہم نے جب بھی افغان حکومت سے سیکورٹی مسائل پر بات کی تو انہوں نے کہا کہ اپنے معاملات درست کریں، پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم اپنے معاملات درست کریں گے۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر غیرقانونی تارکین وطن کے انخلا پر پاکستانی پالیسی پر بے بنیاد الزامات کی بھرمار ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو محفوظ، پرامن اور خوشحال بنانا ہے، ہم نے فراخدلی سے تارکین وطن کی اتنی بڑی تعداد کو سنبھالا، مہمان نوازی پاکستان کے ڈی این اے میں شامل ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بہت سے غیر قانونی تارکین بلیک مارکیٹ میں کام کرتے ہیں، ٹیکس نہیں دیتے، یہ لوگ انڈر ورلڈ کے استحصال کا شکار بھی ہیں، غیر قانونی افراد کے ساتھ احترام اور بہتر برتاﺅ کے سخت احکامات ہیں، ہم نے تقریباً 79 ٹرانزٹ مراکز قائم کیے ہیں، مراکز میں مفت کھانہ، پناہ گاہ اور طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور مختلف ممالک میں بھی غیر قانونی تارکین کے مسئلے ہیں، ہم نے غیر قانونی تارکین کو رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن اور وطن واپسی کے کئی مواقع دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں