جام کمال کو وزارت اعلیٰ سے ہم نے نہیں ان کے اپنے رویے نے نکالا، میر قدوس بزنجو
اوتھل (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جام کمال خان کو وزارت اعلیٰ سے ہم نے نہیں انکے اپنے رویے نے نکالا،طاقت و اقتدار ملنے پر سابق وزیراعلیٰ کے رویے نے لوگوں کو اتنی حد تک مجبور کیا کہ وہ گولی کھانے تک تیار ہوگئے، سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان کی حکومت کو ہٹانے کیلئے جب میں نے آواز اٹھائی تو ہمارے لوگ جن میں خواتین اراکین شامل تھیں ان کو اغوا کیا گیا،روڈز بلاک کیئے گئے لوگوں کو مارا پیٹا گیا،بڑی طاقت دکھائی گئی لیکن الحمداللہ ہم جام حکومت کو گرانے میں کامیاب رہے، لسبیلہ کے عوام نے جام کمال کو اپنے ووٹ دیکر وزیراعلی بنایا لیکن انکے وزیراعلی بننے پر پورے بلوچستان میں حالات خراب ہوئے،لوگوں کو مارا پیٹا جانے لگا،آج بھی انکی سوچ یہی ہے کہ جو بھی حق کی بات کرے اسے جھوٹے مقدمات میں ڈال کر جیل بیجھ دو اب یہ وقت نہیں رہا لسبیلہ کے لوگ باشعور ہیں یہ ظلم و ستم ہر گز برداشت نہیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان وزارت اعلی کے دور میں عام عوام کو تو اپنی جگہ اراکین اسمبلی کو بھی اپنے نزدیک نہیں چھوڑا کرتے تھے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لسبیلہ کی تحصیل لاکھڑا میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے عوام نے ستر سالوں سے ووٹ دیئے لیکن آج بھی لسبیلہ کی تحصیل لاکھڑا کو مکمل پسماندہ رکھا گیا ہے یہاں کی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا گیا،اب لسبیلہ کے عوام ایک مرتبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وڈیرہ محمد حسن جاموٹ کو آزمائے انشا اللہ یہ وہ شخص ہے جس کے دل میں لسبیلہ کی عوام کیلئے درد و محبت موجود ہے جب میں وزیراعلی بلوچستان تھا تب یہی وڈیرہ حسن جاموٹ مجھے لسبیلہ کی عوام کے مسائل سے آگاہ کرتا اور لسبیلہ کی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بولتا تھا انہوں نے کہا کہ وڈیرہ محمد حسن لاسی جاموٹ کو اللہ تعالی نے ہر چیز سے نوازا ہے لیکن یہ آپ لوگوں کیلئے میدان میں آیا ہے اب لسبیلہ کی عوام کا کام ہے کہ وڈیرہ حسن لاسی جاموٹ کو اپنا ووٹ دیکر مضبوط کریں.انہوں نے کہا کہ لاکھڑا کے عوام نے جلسے کو کامیاب کرکے ہمیں اور وڈیرہ حسن جاموٹ کو جو عزت بخشی ہے ہم انکے شکر گزار ہیں۔


