عالمی عدالت غزہ میں قتل پر اسرائیل کا احتساب کرے، مصر کی جنگ بندی تجاویز قبول نہیں، حماس

بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کرنے والی تنظیم حماس نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ سے غزہ میں شہریوں کے قتل عام پر اسرائیل کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس کے رہنما عزت الرشق نے کہا کہ اسرائیل فوجی شکست کے بعد غزہ کے شہریوں کو دہشت زدہ کر رہا ہے۔ حماس کے رہنما نے کہا کہ صیہونی فوج کے جنگی جرائم پر عالمی عدالت فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ نازی فوج (اسرائیلی فوج) کو شکست ہونے لگتی ہے تو بائیڈن کی مدد سے نہتے شہریوں پر حملے بڑھا دیتی ہے۔ علاوہ ازیں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسلامی جہاد نے مصر کی جنگ بندی تجاویز مسترد کردیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق مصری حکام نے مکمل جنگ بندی کےلیے حماس اور اسلامی جہاد سے غزہ سے دستبردار ہونے کا کہا تھا، جسے مسترد کردیا گیا ہے۔ حماس حکام کے مطابق حماس فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ چاہتی ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کےلیے مصری بھائیوں سے بات کی ہے۔ حماس حکام کے مطابق اسرائیلی جارحیت رکنے، غزہ میں امداد بڑھنے کے بعد ہی یرغمالیوں کی رہائی پر بات ہوگی۔ اسلامی جہاد حکام کے مطابق تمام یرغمالیوں کی رہائی کےلیے اسرائیل کو تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔ خبر ایجنسی کے مطابق حماس اور اسلامی جہاد حکام کی قاہرہ میں مصری حکام سے ملاقات ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں