کوئٹہ میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، شہری لٹنے پر مجبور، پولیس تحفظ دینے میں ناکام
کوئٹہ( این این آئی) کوئٹہ شہر میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے،آئے روز چور شہریوں کو نقدی ،سائیکل اور موٹر سائیکل سے محروم کررہے ہیں جبکہ علاقہ پولیس خواب غفلت میں مبتلا ہیں،گزشتہ روز روز نامہ عصر نو کے کمپیوٹر آپریٹر کو بھی چوروں نے سلیم کمپلیکس کے سامنے سائیکل سے محروم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ عصر نو مستونگ کا کمپیوٹر آپریٹر کام ختم کرکے گھر روانہ ہوا تو سلیم میڈیکل کمپلیکس میں واقع میڈیکل سٹور سے ادویات لینے کیلئے رکا تو نا معلوم چور پیچھے سے اس کی سائیکل لے اڑے ۔سلیم میڈیکل کمپلیکس کے اطراف اور پٹیل روڈ پر آئے روز چوری کی وارداتیں رونما ہوتی ہیں لیکن علاقہ پولیس چوروں کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آتی ہے جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے ،اس سے قبل بھی چور صحافتی شعبے سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو نقدی اور موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں سے محروم کرتے رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے آج تک کوئی چور پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا جو کہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔دوسری جانب قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے سٹی نالے میں منشیات فروشوں اور نشے کے عادی افراد کیخلاف کیئے گئے آپریشن کے نتائج اب شہری بھگت رہے ہیں ،شہرکی مصروف و معروف شاہراہوں پر جا بجا نشے کے عادی افراد بیٹھے نظر آتے ہیں جس سے ایک طر ف تو نوجوان نسل کی نشے کی لت میں مبتلا ہونے میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری جانب نشے کے عادی یہی افراد ہی چوری کی بیشتر وارداتوں میں ملوث ہوتے ہیں ،شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث چوروں کیخلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو مزید لٹنے سے بچایا جاسکے اور منشیات کے عادی افراد کو ڈرگ ٹریٹمنٹ سینٹرز منتقل کیا جائے تاکہ چوری کی وارداتوں میں کمی اور منشیات کے پھیلاﺅ کا سد باب ہوسکے۔


