ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی گرل فرینڈ بھی کرونا کا شکار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی گرل فرینڈ اور فوکس نیوز کی سابق صحافی کمبرلے گلفوئل بھی کرونا کا شکار ہو گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق 51 سالہ کمبرلے، جو ان دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کے ساتھ ڈیٹنگ میں مصروف ہیں اور جنوبی ڈکوٹا میں امریکی صدر کی چار جولائی کو کی جانے والی تقریر دیکھنے بھی گئی تھیں، کرونا ٹیسٹ کے نتائج سامنے آتے ہی فوری طور پر آئیسولیشن میں چلی گئی ہیں۔ جس کے بعد ممکنہ طور پر صدر کے قریب آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹس کیے جا رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق کمبرلے گلفوئل صدر ٹرمپ کے قریبی حلقہ احباب میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والی تیسری فرد ہیں۔ ان سے قبل صدر ٹرمپ کے ذاتی ملازم اور نائب پریس سیکرٹری بھی کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں اب تک کرونا سے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کے مطابق حالیہ دنوں میں کرونا کیسز میں اضافے نے پورے ملک کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔


