سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال انجری کے باعث آسٹریلین اوپن سے باہر ہوگئے

سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیائے ٹینس کے سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال آسٹریلین اوپن سے باہر ہوگئے۔ اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال کی برسبین انٹرنیشنل ایونٹ سے ایک سال بعد انٹرنیشنیل ٹینس میں واپسی ہوئی لیکن کوارٹر فائنل میں نڈال کو نہ صرف آسٹریلین کھلاڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی بلکہ وہ دوبارہ کولہے کی انجری کا شکار بھی ہو گئے۔ رافیل نڈال انجری کا علاج کروانے واپس اسپین لوٹ رہے ہیں جس کے باعث وہ آسٹریلین اوپن ٹینس میں شرکت سے محروم رہیں گے۔ نڈال نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو بتایا کہ برسبین میں اپنے آخری میچ کے دوران مجھے پٹھوں میں ایک تکلیف ہوئی تھی جس نے مجھے پریشان کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آسٹریلین اوپن کیلئے فٹ نہیں ہیں اور علاج کے لیے دوبارہ اسپین جارہے ہیں۔ 37 سالہ نڈال انجری کے باعث تقریباً ایک سال انٹرنیشنل ٹینس سے باہر رہے تھے اور اب ایک ہفتے بعد ہی دوبارہ انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ آسٹریلین اوپن 7 سے 28 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں