سرداراختر مینگل صادق اور امین نہیں ،انتخابات میں حصہ لینے دیا گیا تو بلوچستان کی بدحالی کی وجہ بنیں گے ،جھالاوان عوامی پینل
کوئٹہ( این این آئی) جھالاوان عوامی پینل کے رہنماء ندیم الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ کوئی معاشرہ عدل انصاف کے بغیر نہیں چل سکتا اگر کسی پر ایک قانون لاگو ہو اوروہی قانون دوسرے پر لاگو نہیں کیا جائے تو یہ نا انصافی ہو گی، من پسندی کی وجہ سے پاکستان تباہی کی طرف جا رہا ہے، آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا تے ہوئے انہیں انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کواین اے 256سے نامزد امید وار میر یاسر مینگل، میر نعمان ساسولی، امجد مینگل، اسفند یار لہڑی سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف کواقامہ پوشیدہ رکھنے پر وزیر اعظم کے عہدے سے بر طرف کیا گیا ہم سوال کرتے ہیں کہ وہی قانون سردار اختر مینگل پر کیوں لاگو نہیں ہوتاہے سرداراختر مینگل نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر ہی نہیں کیا ہے۔ندیم الرحمن بلوچ نے کہا کہ جو لوگ صادق اور امین نہیں رہے اگر انہیں انتخابات میں حصہ لینے دیا گیا تو وہ بلوچستان کی بدحالی کی وجہ بنیں گے عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے اصولوں کو روندنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہو نی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ بی این پی کہتی ہے کہ ہمیں مسنگ پرسنز کی آواز بلند کر نے سزاد دی جارہی ہے بی این پی نے لوگوں کو بیوقوف بنا کر اور مسنگ پرسنز کا نام لے کر ووٹ حاصل کئے اگر واقعی بی این پی مسنگ پرسنز کے حوالے سے سنجیدہ ہو تی تو آج ہماری مائیں اور بہنیں سڑکوں پر نہ ہوتیںگورنر بلو چستان سے سوال ہے کہ وہ اب کیوں استعفیٰ نہیں دے رہے ؟۔


