خیبر میں پولیس کا ہیروئن بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ
خیبر(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیس نے ہیروئن بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔ضلع خیبرکے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کے مطابق دور آفتادہ علاقے شین غار میں پولیس نے ہیروئن بنانے والے فیکٹری پر چھاپہ مارا جس دوران فیکٹری کے اندر سے پولیس پر شدید فائرنگ کی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ملزمان فرار ہوگئے۔ فیکٹری سے 15 کلوگرام ہیروین اور 17 کلوگرام ہیروئین میں استعمال ہونے والا کیمیکل برآمد ہوا، برآمد ہونے والی منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بنتی ہے، فیکٹری مالکان ملک اور بین الاقوامی سطح پر منشیات سپلائی کرتے تھے اور دہشتگردوں کی مالی اعانت بھی کرتے تھے۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس نے منشیات اور فیکٹری کے آلات قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی جبکہ 3ملزمان کے خلاف منشیات فروشی کے علاوہ دہشتگردی کے مقدمات بھی درج کئے گئے ۔


