پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہتری، فضائی ٹریفک معمول پر آنے لگی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہتری کے بعد فضائی ٹریفک معمول پر آنے لگی۔ ذرائع سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق پاکستان کی حدود میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ ذرائع سی اے اے نے بتایاکہ مغربی سمت سے پاکستان کی حدود آنے والی پروازوں کی تعداد معمول پرآگئی اور یومیہ 700 پروازیں پاکستان کی فضائی حدود سے گزر رہی ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ایران کشیدگی کے باعث فضائی ٹریفک میں کمی آگئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایک چھوٹے سے گاﺅں پر میزائل حملے کیے جس میں 2 بچیاں جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئیں۔ پاکستان نے ایران کے سفیر کو ملک بدر اور اپنے تہران میں تعینات سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔ پاکستان نے اگلی صبح ہی ایران کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے سیستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سیستان میں پاکستانی فورسز کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہری نہیں ہیں۔ تاہم گزشتہ روز پاکستان نے ایران کے ساتھ کشیدگی ختم اور سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


