ماضی کے بدعنوان نمائندے دیواروں، کھمبوں پر تصاویر چسپاں کرکے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، مولانا رمضان مینگل

کوئٹہ(آن لائن) سنی علماءکونسل بلوچستان اور پاکستان راہ حق پارٹی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 سے نامزد مشترکہ امیدوار مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا ہے کہ ماضی میں اقتدار میں رہنے والوں نے علاقہ مکینوں اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا اس لئے ایک بار پھر انتخابات کے موقع پر انہوں نے در ودیواروں ، کھمبوں کو اپنی رنگین تصویروں اور پارٹی جھنڈوں سے سجاکر عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کررہے ہیں عوام ہمیں بھی ایک بار موقع دیں تاکہ ہم عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ، امن کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے مسائل سے چھٹکارا دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی انتخابی مہم کے دوران کوئٹہ کے علاقہ جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ، کاسی روڈ سمیت ملحقہ علاقوں اور دیگر مقامات پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت دیگر عہدیدار اور رہنماءبھی موجود تھے۔ مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا ہے کہ ماضی میں بر سر اقتدار رہنے والے حکمرانوں اور عوامی نمائندوں نے عوام کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا انہوں نے صرف اپنے اثاثہ جات کو بڑھایا ہے اور لوگوں کو صرف خوشنما نعروں کے ذریعے خوش کرنے کی کوشش کی ہے اس لئے تمام علاقے اور ان حلقوں میں بسنے والے لوگ آج بھی سہولیات سے محروم ہیں ان کا کہنا تھا کہ آج وہی نمائندے ایک بار پھر عوام پر مسلط ہونے کے لئے دیواروں اور کھمبوں پر اپنی تصاویر چسپاں کرکے جھنڈے لگا کر لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ عوام ان کی کارکردگی اور اصلیت سے واقف ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام ہمیں ایک بار موقع دیں انہیں ان کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے اسلامی نظام کے نفاذ ، زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ، امن بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اور 8 فروری کا سورج عوام کے ووٹوں سے ہماری کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں