عارضی جنگ بندی، اسرائیلی قیدیوں کی رہائی، سی آئی اے اور موساد کے سربراہان کی ملاقات کا امکان
تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں (سی آئی اے اور موساد) کے سربراہان فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی قید میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور عارضی جنگ بندی کے لیے قطری وزیراعظم سے آئندہ چند روز میں ملاقات کریں گے۔ اسرائیلی اخبار ’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس اور موساد کے سربراہ ڈیوڈ برینا حماس کی قید میں موجود 132 یرغمالیوں کی رہائی اور عارضی جنگ بندی کے لیے یورپ میں قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق مصر کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ عباس کامل بھی اس اہم ملاقات میں شریک ہوں گے جبکہ چینل 12 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں اسرائیل کی داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیٹ کے سربراہ رورن بار بھی اس ملاقات کا حصہ ہوں گے۔اس حوالے سے وائٹ ہاﺅس کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ سی آئی اے کے سربراہ یرغمالیوں کی واپسی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔سی آئی اے کے سربراہ کی نقل و حرکت کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر خفیہ رکھا جاتا ہے تاہم وائٹ ہاﺅس کے مشرق وسطیٰ کے لیے تعینات عہدیدار بریٹ مک گروک اس ڈیل پر بات چیت کے لیے رواں ہفتے مصر اور قطر گئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نومبر میں ہونے والی عارضی جنگ بندی اور 105 یرغمالیوں کی رہائی میں بھی سی آئی اے اور موساد کے سربراہان نے اہم کردار ادا کیا تھا۔


