افغانستان میں شرعی قوانین کا نفاذ، سیکڑوں خواتین کو ملازمتوں سے نکال دیا گیا، اقوام متحدہ
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ غربت زدہ افغانستان میں افغان حکومت نے حال ہی میں سینکڑوں خواتین کو ان کی ملازمتوں سے مبینہ طور پراس لیے نکال دیا کہ انہوں نے خواتین پر نافذ شریعت کے تقاضوں کی تعمیل نہیں کی تھی۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن نے جو ’یوناما‘ کے نام سے جانا جاتا ہے افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں 2023ءکی آخر ی سہ ماہی پر محیط پیر کو جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ افغان حکام خواتین کی ملازمت، تعلیم اور نقل و حرکت کی آزادی کے حقوق پر پابندیوں کا نفاذ اور اس کی تشہیر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یوناما نے ایک ایسے ملک میں جہاں لاکھوں لوگوں کو انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کی ضرورت ہے، اپنی رپورٹ میں خواتین کی بر طرفی کے شواہد پیش کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان کی امر بالمعروف و نہی عن المنکر یا اخلاقیت کے نفاذ سے متعلق وزارت نے خواتین کے لئے ملازمت یا سروسز تک رسائی میں اس لیے رکاوٹیں ڈالیں کہ وہ شادی شدہ نہیں تھیں یا ان کے ساتھ کوئی مرد سر پرست نہیں تھا۔


