ہم سے بلا چھین لیا گیا، ہمارے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ تو کیا فیلڈ ہی نہیں دی گئی، بلا چھین لیا گیا۔اسلام آباد میں سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رو¿ف حسن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹرائل اور الیکشن مہم کے مسائل پر بات کرنا چاہتا ہوں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نہ ہمیں کاغذات فراہم کیے گئے نہ ہی مخالفین سے سوالات کرنے کا موقع ملا، سائفر اور نیب کے کیسز سمیت الیکشن کمیشن کی توہین کا کیس بھی جیل میں ہی چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صبح 8 سے شام 4 تک انتہائی جلد بازی میں کیس چلایا جارہا ہے، ملزم کی مرضی کے خلاف جج صاحب نے سرکاری وکلا کو متعین کردیا، سزائے موت کی طرف بڑھنے والے اس کیس میں عدل اور آئین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ مساوی سلوگ ہوگا، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ہمیں بطور شہری اور سیاسی جماعت برابری کی سطح پر الیکشن لڑنے کے مواقع دیں، ہمیں پرامن طور پر برابری کی سطح پر الیکشن کا حصہ تو دور ہم سے فیلڈ ہی چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار آزاد نشان سے لڑ رہے ہیں لیکن وہ اپنی پارٹی کیساتھ ہیں، شاندار پاکستان، شاندار مستقبل اور خراب ماضی سے چھٹکارا، یہ ہمارا نعرہ ہے۔


