پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ، غذر میں منفی 7 ڈگری ریکارڈ
کراچی (انتخاب نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ غذر میں حرارت منفی 7 ڈگری تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں پیر اور منگل کو ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث شہر میں سردی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مظفرآباد کے نواحی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں، وادی لیپہ، نیلم اور تیراہ کی چوٹیوں نے برف کی چادر اوڑھ لی۔ غذر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تک گر گیا۔ غذر میں طویل خشک سالی کے بعد برف باری سے عوام خوش ہیں۔ تاہم عوام کو ایندھن کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اپر چترال میں مڈلگشت لاسپوراوردیگرعلاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ اسکردو شہر اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔ برف باری سے دیوسائی جانے والی سڑک بند ہوگئی۔ خیبر کی تحصیل باڑہ میں بھی ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔ سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوگئی۔ طویل خشک سالی کے بعد برف باری سے عوام خوش ہوگئے۔


