ایپکس کمیٹی کا اجلاس، بلوچستان میں آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ آئندہ منتخب حکومت کو چاہئے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور ایس آئی ایف سی کی قائم کردہ معاشی اقدمات کی رفتار سے استفادہ کرے۔ اجلاس میں قومی و داخلی سلامتی کے اہم امور سمیت عام انتخابات کے پرامن اور آزادانہ انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ نگران وزیراعظم نے مچھ اور کولپور میں مسلح حملے ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں نگران وزیرِ اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات میں تخریب کاری کی لعنت کے خاتمے کیلئے پاکستان بھر سمیت بلوچستان میں آپریشنز جاری رکھنے اور تخریب کاروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی نے ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا مجموعی طور پر جائزہ لیا اور ان کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا۔ کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی استعداد کار کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کیلئے مختلف شعبوں میں اقدامات، افرادی قوت کی ترقی، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مقامی تنازعات کے حل کیلئے مو¿ثر طریقہ کار سے ایک پائیدار نظام بنانے کی بھی تعریف کی۔کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی طرف سے سرمایہ کاری سے بھرپور مستفید ہونے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ کمیٹی نے اجلاس میں سٹرٹیجک کنالز وڑن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دے دی۔ آرمی چیف نے فوج کی جانب سے ملک میں معاشی استحکام اور لوگوں کی معاشی و سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام پر نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، تمام وزارتوں، اداروں اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت اور مستقبل کیلئے ایک عمدہ مثال قائم کرنے میں کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ منتخب حکومت کو چاہئے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی قائم کردہ معاشی اقدمات کی رفتار سے استفادہ کرے۔


