عمران خان کو آزادی ملتے ہی نواز ، بلاول اور مولانا کا بستر گول، اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق سپیکر قومی اسمبلی اور این اے 19 صوابی 1 سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسد قیصر نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو عوام آزادی کا اعلان کریں ، نواز شریف کا پختونوں کے خلاف بیان دینا پختونوں کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے،لسانی بنیادوں پر سیاست ،قوم کو تقسیم کرنا نواز شریف کیلئے کوئی نئی بات نہیں، پیپلز پارٹی نے سندھی عوام کےلئے کچھ کیا نہیں ،بلاول پورے ملک میں اقتدار کےلئے بھڑکیں مار رہے ہیں۔صوابی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کی عوام نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا،پاکستانی قوم 8فروری کو نواز شریف کا بوریا بستر گول کردے گی ۔ انہوں نےکہا کہ پاکستانی عوام عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت نکاح کے حوالے سے فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں،یہ طے شدہ فیصلے ہیں ان میں کوئی بھی فیصلہ انصاف پر مبنی نہیں ہے اسد قیصر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اسلام نہیں اسلام آباد چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب ہر حکومت کا حصہ ہوتے ہیں لیکن انہوں نے اسلام کیلئے کچھ نہیں کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 16 ماہ میں پاکستانی عوام کو تاریخی مہنگائی اور بد امنی کا تحفہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کونسا فارمولا تھا جو شہباز شریف کے پاس نہیں تھا اور اس کے بھائی نواز شریف کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے مشترکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پختونوں کے خلاف بیان دینا پختونوں کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور حکومت میں پختونوں پر ڈرون حملے ہوئے، پختون دہشتگردی کا شکار ہوئے ۔


