لندن میں اطہر من اللہ کو ہراساں کرنے میں ملوث افراد پارٹی کی نمائندگی نہیں کرتے، پی ٹی آئی
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے برطانوی چیپٹر نے لندن میں سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کو ہراساں کرنے پر یہ کہتے ہوئے اظہار مذمت کیا ہے کہ ملوث افراد پارٹی کی نمائندگی نہیں کرتے۔ یہ اظہار مذمت ہفتے کی رات اس وقت کیا گیا جب جسٹس اطہر من اللہ کو لندن کی گلیوں میں ہراساں اور تنگ کیے جانے کی ویڈیوز سامنے آئیں۔ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جج کو لوگوں کا ایک گروپ ایک کار میں لے گیا جبکہ دوسرے لوگ ان پر چیخ رہے تھے۔ ہراساں کرنے والوں نے تحریک انصاف کی حمایت اور فوج کے خلاف نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ جسٹس اطہر من اللہ ہفتہ کو لندن اسکول آف اکنامکس میں ’فیوچر آف پاکستان کانفرنس‘ کے مہمانوں میں شامل تھے۔ جسٹس من اللہ کو ہراساں کیے جانے کے جواب میں پی ٹی آئی برطانیہ کے آفیشل اکاو¿نٹ نے پارٹی کے چیپٹر کے سینئر نائب صدر جہانزیب خان کا ایک بیان پوسٹ کیا۔ اس پوسٹ کو پارٹی کے آفیشل اکاو¿نٹ اور پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے بھی شیئر کیا۔ پارٹی کے چیپٹر نے کہا کہ ’پی ٹی آئی برطانیہ معزز جسٹس اطہر من اللہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی شدید مذمت کرتی ہے۔ وہ افراد جنہوں نے یہ کیا وہ پی ٹی آئی کی نمائندگی نہیں کرتے اور نہ ہی پی ٹی آئی برطانیہ ایسے کسی رویے کی توثیق کرتی ہے۔‘


