بلوچ سیاست فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہی ہے، نوجوان علمی ماحول کو پروان چڑھائیں، بساک
کوئٹہ (پ ر) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بساک تونسہ زون کا قیام عمل میں لاکر زونل جنرل باڈی اجلاس منعقد کی گئی ، جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اظہر بلوچ بطور مہمان خاص اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد بلوچ بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر، گزشتہ یونٹ کارکردگی رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں یونٹ باڈی تحلیل کی گئی اور تونسہ زون کا قیام عمل میں لایا گیا۔ زونل جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے میں مرکزی عہدیداران نے کہا کہ تونسہ شریف میں بساک کے زون کا قیام بلوچ طلباءسیاست میں ایک اہم کامیابی ہے اور آنے والے وقتوں میں بلوچ سیاست کیلئے ایک اہم سنگ میل کا کردار ادا کرے گی۔ تونسہ شریف جو کہ ایک بلوچ اکثریتی علاقہ ہے اور تعلیمی حوالے سے پورے خطے میں اپنا ایک اہم اور جدا مقام رکھتا ہے۔ تونسہ شریف کے بلوچ عوام بالخصوص بلوچ طالبعلم اجتماعی حوالے سے شعور یافتہ ہیں، اور بلوچ سیاست میں مختلف اداروں اور ذمہ داریوں سے منسلک رہے ہیں اور آج بھی بڑی تعداد میں بلوچ سیاسی اداروں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ اس سے پہلے تونسہ شریف میں بساک کی یونٹ کابینہ پچھلے دو سال سے فعال تھی۔ یونٹ سطح پر بلوچ طالبعلموں کو ایک سیاسی و شعوری پلیٹ فارم مہیا کرنے کی بھرپور کوششیں سود مند ثابت ہوئی اور آج تونسہ کے تنظیمی کارکنان کی محنت کی بدولت تنظیم ترقی کرتے ہوئے اپنا زونل اسٹرکچر بنانے میں کامیاب ہوئی جو کہ خوش آئند ہے۔ تونسہ شریف میں بساک کے زون کا قیام یہاں کے بلوچ نوجوانوں کیلئے نئی راہیں متعین کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور معاشرے میں علم و شعور کے نئے دیے روشن کیے جائیں گے۔ مرکزی عہدیداران نے کہا ہے کہ آج بلوچ سیاست ایک فیصلہ کن مرحلے سے گزررہی ہے۔ ایک طرف بلوچ سماج کئی جبر کا سامنا کررہا ہے تو دوسری طرف ہمیں ایک مزاحمت بھی نظر آتی ہے جو کہ اس ناروا سلوک کے خلاف برسوں سے جاری ہے۔ بطور بلوچ نوجوان ہمیں اس چیز کو ذہن نشین کرنا چاہیے کہ بلوچ قوم کا مسئلہ اجتماعی ہے۔ کہیں پر انسانی بحران چل رہا ہے تو کہیں پر معاشی حوالے سے تنگدست کیا جارہا ہے اور کہیں پر تعلیمی مسائل ہیں۔ بطور بلوچ طالبعلم ہمیں اپنے قوم کے اجتماعی مسائل کا احساس کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فکری و شعوری سرگرمیوں کا حصہ بننا ہوگا۔ بلوچ نوجوان اپنے اردگرد ایک علمی ماحول کو پروان چڑھائیں۔ کتاب دوست بن کر معاشرے کے اندر کتاب کلچر کو فروغ دیں تاکہ بلوچ نوجوان اپنے قوم کےلئے طاقتور ذہن بن کر ابھریں۔ ترجمان نے آخر میں کہا ہے کہ زونل جنرل باڈی اجلاس میں تمام تر ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد بساک تونسہ زون کا قیام عمل میں لایا گیا اور نئی زونل کابینہ میں زونل صدر مظہر بلوچ، زونل نائب صدر اصغر بلوچ، زونل جنرل سیکرٹری سراج بلوچ، زونل ڈپٹی جنرل سیکرٹری سجاد بلوچ اور زونل انفارمیشن سیکرٹری عمر بلوچ منتخب کیے گئے۔


