سراج الحق کا استعفیٰ نہ منظور، جماعت اسلامی کی امارت دوبارہ سنبھال لی
لاہور (انتخاب نیوز) جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے سراج الحق کا استعفی منظور نہیں کیا، جس کے بعد سراج الحق نے دوبارہ جماعت اسلامی پاکستان کی امارت سنبھال لی۔ منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی زیرِصدارت جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس ہوا۔اجلاس میں ممبران شوریٰ کا کہنا تھا کہ جماعت کی ذمہ داریوں کو حسب سابق بطور امیر رہنمائی فرمائیں۔ کمیٹی میں شامل لیاقت بلوچ، امیر العظیم، راشد نسیم، پروفیسر ابراہیم، اسد اللہ بھٹو نے سراج الحق سے ملاقات کی۔ترجمان قیصر شریف نے بتایا کہ مرکزی مجلس شوری نے متفقہ طور پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا استعفی مسترد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پرمجلس شوریٰ نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔قیصر شریف نے کہا کہ سراج الحق مرکزی مجلس شوری سے خصوصی خطاب کریں گے، امیر جماعت دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔


