کوئٹہ شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ

کوئٹہ(این این آئی)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میںکوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں چوری ڈکیتی کی واداتوں میں مسلسل اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذکورہ بالا پولیس تھانوں کے احاطے میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کو جان ومال کے سنگین مسئلے سے دوچار کردیا ہے ۔ راہ چلتے گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹر سائیکل ،موبائل ،نقدی ، چھین کر انہیں زدکوب کیا جاتا ہے اور زخمی حالت میں چھوڑ کر جرائم پیشہ عناصر فرار ہوجاتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیاہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف پولیس تھانوں سریاب ، نیوسریاب ، انڈسٹریل ، شالکوٹ ہزار گنجی ، پشتون آباد، گوالمنڈی، سٹی ، سیٹلائٹ ٹاﺅن، ایئرپورٹ روڈ، خروٹ آباد ، زرغون آباد، سول لائن سمیت مختلف تھانوں کے احاطے میںجرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوچکے ہیں ۔ افسوس تو یہ ہے کہ جرائم کے واقعہ سے متاثر افراد جب پولیس تھانے جاتے ہیں تو ان کی نہ ہی رپورٹ جمع کی جاتی ہے بلکہ شروعات میں ہی مایوس کن جواب دیا جاتا ہے کہ چوری شدہ موبائل ، نقدی یا دیگر اشیاءنہیں مل سکتے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس شہریوں کے جان ومال کی محافظ ہے اور پولیس اگر اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے نبھائے تو شہر میں جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ یقینی ہوگی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک جانب شہری جرائم ، چوری وڈکیتی کی واداتوں سے پریشان ہے دوسری جانب شہر بھر میں منشیات فروشوں نے قبضہ جما رکھا ہے ۔ ہر شاہراہ پر سرعام منشیات فروشی کی جاری ہے ۔سٹی نالے سمیت مین جناح روڈ ، زرغون روڈ، قندھاری بازاری ،لیاقت بازار، عدالت روڈ، ٹیکسی سٹینڈسمیت شہر کے مختلف علاقوں میں نہ صرف منشیات فروشی بلکہ نشے کے عادی افرادنے ڈیرے جمالیئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نشے کے عادی افراد کا علاج کرنیوالے حکومتی ودیگر علاج ومعالجے کے نجی ادارے ان افراد کو ہسپتال منتقل کرکے منشیات کے ناسور سے نجات دلانے کیلئے ان کا علاج کرے جبکہ حکومت ، قانون نافذ کرنیوالے ادارے شہر بھر میں منشیات جیسے ناسور دندے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے معاشرے کا پاک بناکر شہریوں، نوجوانوںکو تحفظ فراہم کرے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی جی پولیس کوئٹہ شہر کے تمام پولیس تھانوں کے احاطوں میں ہونیوالے سٹریٹ کرائمز ، چوری ڈکیتی ، منشیات فروشی کے اڈوں ودیگر جرائم کا سختی سے نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرے اور اپنی ذمہ داریوں میں غفلت پانیوالے آفیسران واہلکاران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایماندار ،فرض شناس اور معاشرے سے محبت جبکہ جرائم اور جرائم میں ملوث عناصر سے نفرت کرنیوالے آفیسران کو تعینات کرے تاکہ شہریوں کے جان ومال کو تحفظ حاصل ہو اور دوسری جانب شہرکو منشیات سے پاک بنایا جاسکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں